حوزہ نیوز ایجنسی کے خبر نگار سے گفتگو کرتے ہوئے حجۃ الاسلام والمسلمین علی مرادی نے کہا: آج دنیائے اسلام کے اہم ترین مسائل میں سے ایک مسئلہ فلسطین اور قدس شریف ہے۔
شہر بیجار کے امام جمعہ نے کہا : غاصب صہیونی بہت زیادہ جری اور گستاخ ہو گئے ہیں۔ انہوں نے غزہ کی پٹی اور فلسطین کے دیگر علاقوں میں وحشیانہ حملے کر کے مظلوم فلسطینیوں کو اپنے گھروں کو چھوڑنے پر مجبور کر دیا ہے اور ان کے یہ اقدامات شہری نسل کشی شمار ہوتے ہیں۔
دینی علوم کے اس استاد نے کہا: فلسطین میں ہونے والے مظالم پر مسلم ممالک کی خاموشی کا تاوان تمام مسلمانوں کو ادا کرنا پڑے گا۔
افسوسناک امر یہ ہے کہ بعض عرب اور اسلامی ممالک نے گزشتہ چند سالوں میں اسرائیل پر دباؤ ڈالنے کے بجائے بچوں کی قاتل اس حکومت سے تعلقات استوار کیے ہیں کہ یہ عرب اور اسلامی ممالک عالم اسلام کے لئے ننگ و عار کا باعث ہیں۔
حجۃ الاسلام والمسلمین علی مرادی نے کہا: ملت فلسطین بدترین حالات میں زندگی بسر کر رہی ہے اور غاصب صہیونی بچوں، بوڑھوں، جوانوں اور خواتین پر رحم نہیں کرتے۔ غاصب صہیونیوں کی یہ گستاخیاں بعض عرب ممالک کے سکوت کا نتیجہ ہیں۔
شہر بیجار کے امام جمعہ نے کہا: جب تک عالم اسلام متحد نہیں ہو جاتا ہے اسرائیلی حکومت جنگ اور قتل و غارت کا بازار گرم رکھے گی۔ لہذا اب وہ وقت آگیا ہے کہ اسلامی اور عرب ممالک کے سربراہان دشمنان اسلام کے ان جرائم کے مقابلے میں بیدار ہوں۔